Monday, 15 October 2018

قلت آب کیخلاف بلدیہ کے مکینوں کا احتجاج، بد ترین ٹریفک جام

 کراچی: بلدیہ ٹاؤن کے مکین قلت آب سے پریشان ہوکر سڑک پر نکل آئے، مکینوں نے حب ریور روڈ پر پانی کی قلت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

گزشتہ روز دوپہر بلدیہ ٹاؤن میں حب ریور روڈ پر پانی کی قلت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا ،بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں کے رہائشی حب ریور روڈ پر نکل آئے اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

پانی کے ستائے مکینوں کا کہنا تھا کہ کئی روز سے ان کے علاقے میں پانی کی فراہمی بند ہے جس سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گرمی کے موسم میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، گھروں میں پانی نہ ہونے سے خواتین اور بچوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

مکین بوند بوند کوترس گئے ہیں ،پانی کی عدم فراہمی کے باعث دور دراز علاقوں سے پانی بھرکر لاتے ہیں قلت آب کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے بھی واٹر ٹینکر کے نرخ بڑھادیے ہیں، ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے۔ اس صورتحال سے غریب مکین اضافی مالی بوجھ تلے دب رہے ہیں ۔

مظاہرین نے کہا کہ آج کے جدید دور میں جب دنیا چاند کیا مریخ پر پہنچ گئی ہے اور یہاں ہم دنیا کے 10بڑے شہروں میں شمار ہونے والے شہر کراچی کے باسیوں کو زندگی کی بنیادی ضرورت پانی ہی فراہم نہیں کیا جارہا ہے احتجاج کے دوران مظاہرین نے حکومت اور واٹر بورڈ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ان کے علاقے میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کی جائے۔

حب ریور روڈ پر مظاہرے کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار مسافروں کی حالت بھی گرمی و حبس کے باعث غیر ہوگئی جبکہ کراچی اور بلوچستان کے درمیان آنے جانے والا ٹریفک بھی رک گیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس و رینجرز اور ٹریفک پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ٹریفک پولیس نے ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے متبادل راستوں کی جانب گاڑیوں کو روانہ کردیا جبکہ پولیس حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کے بعد انھیں پرامن طور پر منتشر کردیا جس کے کچھ دیر بعد ٹریفک کی صورتحال بھی معمول پر آگئی۔

The post قلت آب کیخلاف بلدیہ کے مکینوں کا احتجاج، بد ترین ٹریفک جام appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2OXr2K4
via IFTTT

Related Posts:

0 comments:

Post a Comment

Note: only a member of this blog may post a comment.