Sunday 1 July 2018

خوابوں کی تعبیر

امی کی قینچی

غضنفر علی،لاڑکانہ

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میری امی کمرے میں شور مچا رہی ہوتی ہیں۔ پتہ کرنے پر یہ بات سامنے آتی ہے کہ امی کی قینچی کہیں گم ہوگئی ہے جو انہوں نے کپڑے سینے کی مشین پر رکھی ہوئی تھی۔ مگر اب ان کو قینچی کی ضرورت ہے اور قینچی نہیں ملتی۔ میں امی کو بتاتی ہوں کہ مل جائے گی مگر وہ سنتی ہی نہیں، اتنے میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کے عزیزوں اور رشتہ داروں میں جو ناراضگی ہے وہ دور ہو جائے گی۔ جائیداد کی تقسیم ہو جائے گی اور آپ کو اس میں سے اپنا معقول حصہ بھی مل جائے گا۔ اس کے بعد آپ کی پریشانی اور غم و فکر دور ہو جائے گا۔ معاشی حالات بہتر ہو جائیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو یاحفیظ یا اللہ کا ورد بھی کیا کریں۔

باغ میں سبز گھاس

علی شاہ۔لاہور

خواب: میں نے دیکھا کہ میں ایک باغ میں سیر کر رہا ہوتا ہوں۔ باغ کے اندر سبز رنگ کی بڑی خوبصورت گھاس ہوتی ہے، اور میں اس وقت گھاس پر چلتا ہوں۔ گھاس بڑی نرم ہوتی ہے اور اس پر چل کر میرا دل بہت خوش ہوتا ہے، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے، اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کوظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ اللہ تعالیٰ مال اور وسائل میں برکت عطا فرمائیں گے۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ کاروبار میں ترقی کے نئے نئے مواقع ملیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو یا حی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔ رات کو سوتے وقت نبی کریم ﷺ کی سیرت کا مطالعہ بھی کریں۔

چشمے کا پانی پینا

علی ظفر،پتوکی

خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیت کی طرف جا رہا ہوتا ہوں ۔ میرا کھیت پہاڑ کے دامن میں ہے۔ جب میں پہاڑ کے قریب سے گزرتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ پہلے چشمہ سے پانی بہت کم ہوتا تھا لیکن آج جب میں چشمہ کے پاس سے گزرتا ہوں تو پانی کناروں سے باہر بڑی تیزی سے نکل رہا ہوتا ہے۔ میں تھوڑی دیرتک اس پانی کو دیکھتا اور پھر دونوں ہاتھوں سے پانی پیتا ہوں۔ جب میں سیر ہو جاتا ہوں تو اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ پھر اپنے کھیت کی طرف جاتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے رزق میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے عزیز و اقارب کو آپ سے فائدہ ہوگا اور اگر آپ نوکری کرتے ہیں تو نوکری میں ترقی ہو سکتی ہے۔ اگر اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کاروبار یا دکانداری کرتے ہیں تو اس میں برکت ہوگی۔ آپ آرام اور سکون سے آباد رہیں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور کا ورد بھی کریں۔ رات کو سیرت کی کتاب میں سے حضورؐ کے اخلاق کا حصہ پڑھا کریں۔

زخم ٹھیک ہوگیا

خالد جعفری،پشاور

خواب: میں نے دیکھا کہ میں نماز پڑھ رہی ہوتی ہوں کہ میری ایک دوست مجھے سر پر بلا مارتی ہے اور میرے سر سے خون نکلتا ہے میں بہت چیختی ہوں۔ پھر میں کمرے میں ہوتی ہوں اور ڈاکٹر میرا آپریشن کرتے ہیں اور میرے جسم پر ہلدی کا لیپ کردیتے ہیں۔ ہلدی کی وجہ سے میرا زخم ٹھیک ہو جاتا ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے اس خواب کی تعبیر بتادیں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جودوحصوں پر مشتمل ہے۔ خواب کا پہلا حصہ اللہ کی بندگی اور سعادت کی نشاندہی کرتا ہے۔ دوسرا حصہ پریشانی ظاہرکرتا ہے جو وقتی طور پر آئے گی۔ مگر اللہ تعالیٰ آپ کو آرام وسکون عطا فرمائیں گے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیاکریں۔ باوضو یا بغیر وضو کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کریں اور اللہ کی راہ میں کچھ صدقہ اور خیرات کریں۔

مجھے گولی لگ گئی

عشرت جاوید۔لاہور

خواب: کچھ دن پہلے میں نے خواب میں دیکھا جس کی وجہ سے میں کافی پریشان ہوں۔ میں نے دیکھا کہ میں بازار میں جا رہا ہوں وہاں ایک موٹر سائیکل سوار بہت تیزی سے گزرتا ہے اور ایک دکاندار کو جا کر مارنا شروع کردیتا ہے۔ میں ان دونوں کو لڑتا ہوا دیکھ کر ان کے پاس جاتا ہوں اور دونوں کو ایک دوسرے سے چھڑواتا ہوں۔ ایک لڑکے نے پستول نکال کرگولی چلائی جو مجھے لگ جاتی ہے۔ میں زخمی ہوکر زمین پر گر جاتا ہوں۔ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اس خواب سے پتا چلتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے یہ بھی ممکن ہے کہ آپ کو کوئی بڑا نقصان ہو جائے۔کاروبار میں بھی نقصان ہو سکتاہے۔آپ نماز پنجگانہ اداکریں اور کثرت سے ہرنماز کے بعد استغفار کیا کریں۔ اللہ کی راہ میں صدقہ اور خیرات کریں۔

صندل کا شربت پینا

محمد موسیٰ۔لاہور

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں باہر سے گھر آتا ہوں۔ مجھے سخت گرمی لگی ہوئی ہے اور میں پسینے میں شرابور ہوں پھر میری بیوی مجھے صندل کا شربت تیار کرکے دیتی ہے اور وہ شربت میں پیتا ہوں۔ شربت پینے کے بعد مجھے سکون ملتا ہے اور میں آرام سے سو جاتا ہوں۔ اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر: اس خواب سے پتہ چلتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے اگر آپ بیمار ہیں تو جلد آپ کو صحت عطا ہو گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کی عمر دراز فرمائیں گے اورآپ کو صحت، آرام اور سکون کی زندگی عطا ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا اللہ یا رحمن یا رحیم کاورد کریں،کوشش کریں کہ صبح فجر کی نماز کے بعد گہرے گہرے سانس ناک کے ذریعہ اندر لیا کریں اورآہستہ آہستہ ہوا باہر نکال دیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔

فیروزے کی انگوٹھی

عامر بیگ۔سیالکوٹ

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے میاں میرے لئے فیروزے کی ایک انگوٹھی لاتے ہیں اور وہ انگوٹھی مجھے دیتے ہیں۔ انگوٹھی سونے کی اور بہت خوبصورت ہوتی ہے، میں جلدی سے ہاتھ دھو کر اس انگوٹھی کو اپنے دائیں ہاتھ میں پہن لیتی ہوں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے، جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے مقصد میں کامیاب کریں گے۔ آپ کو راحت اور آرام ملے گا۔ اللہ تعالیٰ آپ کے رزق اور وسائل دونوں میں برکت عطا فرمائیں گے۔ اچھے کام کرنے میں فتح ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے وضو یا بغیر وضو یا شکور یا عزیز کا ورد کیا کریں، آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا کروا دی جائے گی، کچھ خیرات بھی کریں۔

گھر میں گندم کا ڈھیر

مہوش بنگش۔گوجرانوالہ

خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کام سے گھر واپس آتا ہوں جب میں اپنے بڑے کمرے میں جاتا ہوں تو وہاں گندم کا ایک بہت بڑا ڈھیر پڑا ہوتا ہے۔ میں اس کو قریب سے دیکھتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ یہ گندم کہا ںسے آئی ہے اور کس نے ادھر رکھ دی ہے؟ میں ابھی اس بات کو سوچ رہا ہوتا ہوں کہ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق اور وسائل میں برکت ہو گی، اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے کاروبار اور ملازمت میں ترقی ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور کا ورد کیا کریں۔ بعد از نماز عصر اوّل آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ گیارہ مرتبہ سورہ کوثر پڑھ کر خود کو دم کر لیا کریں، گھر میں لوبان کی دھونی دیں۔

بازار میں شوروغل

زہرہ جبین۔مردان

خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ بازار سے گزر رہا ہوں کہ راستے میں ایک جگہ کافی لوگ جمع ہیں۔ بازار میں ان کی لڑائی کی وجہ سے کافی شوروغل ہوتا ہے۔آوازوں کی سمجھ نہیں آتی ہے۔ میں بھی ایک طرف کھڑے ہوکر دیکھتا ہوں پھر ہجوم میری طرف بڑھتا ہے۔ میں ان کے گھیرے میں بھی آجاتا ہوں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتاہے کہ اللہ نہ کرے آپ کی پریشانیوں اور مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ کسی بنے ہوئے کام میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے سکون اور آرام میں خلل پیدا ہوسکتا ہے آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یاقیوم کا ورد کریں اور رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت کی کتاب میں حضورﷺ کی اسوہ حسنہ کا مطالعہ کریں اور کوشش کریں کہ ان پر عمل کریں۔

خود کو قبرستان میں دیکھنا

سمیرا رضا۔کراچی

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں چند لوگوں کے ساتھ ایک قبرستان میں ہوتا ہوں، ہم لوگ ایک جگہ باتیں کر رہے ہوتے ہیں، قبرستان میں کچھ قبریں پکی ہوتی ہیں اور کچھ کچی، میں ایک قبر پر کھڑا ہو کر فاتحہ پڑھتا ہوں، اس خواب کی تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ خواب آپ کے لئے باعث عبرت ہو گا۔ قید خانے سے بھی تشبیہہ دی جا سکتی ہے۔ آپ کے لئے مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ’’استغفار‘‘ بھی کریں۔ کچھ اللہ کی راہ میں خیرات کریں یا اپنے اوپر سے وار کر صدقہ کر دیں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔n

والد نور کے ہالے میں

شانی،جھنگ

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے والد جو تین چار روز پہلے وفات پا چکے ہیں آسمان سے زمین پر آتے ہیں۔ وہ نور کے ہالے میں لپٹے ہوتے ہیں۔ وہ ہمارے گھر میں آتے ہیں نور کا یہ ہالہ انہیں چاروں طرف سے گھیرے ہوئے ہے۔ نورانی فرشتے ان کے گرد ہیں۔ میرے والد بارعب مطمئن اور خوشگوار نورانی چہرے کے ساتھ ہمارے گھر میں ایک شیشم کا درخت تھا جو اب کٹ گیا، وہاں آکر رک جاتے ہیں۔ میری والدہ اور میں والد کو نور کے گھیرے میں دیکھ کر سبحان اللہ، الحمداللہ، اللہ اکبر اور با آواز بلند لاالہ الااللہ پڑھتے ہوئے نہایت ادب اور تعظیم سے ان کے پیچھے پیچھے چلتے ہیں۔آنکھ کھلی تو میں بلند آواز میں کلمہ پڑھ رہا تھا۔اس کی تعبیر کے ساتھ کوئی روحانی وظائف بھی بتائیے اور مراقبہ میں دعا کروادیں۔

تعبیر:اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ آپ کے والد عالم اعراف میں ایک اچھے مقام پر ہیں اور وہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے سکون اور آرام میں ہیں۔ ان پر اللہ تعالیٰ کی رحمت اور نبی کریمؐ کی شفقت ہے۔ آپ تمام گھر والے مل کر سوا لاکھ مرتبہ تیسرا کلمہ پڑھ کر اپنے والد کو ایصال ثواب کردیں اور کچھ ان کے نام کے کپڑے یا کھانا غرباء میں تقسیم کردیں۔ آپ کیلئے محفل مراقبہ میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔

کاروبار پر بندش

محمد حیات۔مری

خواب: میں خواب میں خود کو ہر وقت پریشان دیکھتا ہوں، آپ سے گزارش ہے کہ میری مدد فرمایئے۔ میری ایک چھوٹی سی دکان ہے دو تین سال سے دن بدن میں مقروض ہوتا جا رہا ہوں، میں نے دو تین عاملوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ آپ پر جادو ہے، زلزلے کی وجہ سے بھی کاروبار متاثر ہے، آپ مہربانی فرما کر بتایئے کہ کیا میرے کاروبار پر کسی نے بندش کروائی گئی ہے؟

جواب: اللہ تعالیٰ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے، آپ بندش اور جادو کے چکر میں نہ پڑیں۔ عامل حضرات اگر یہ نہ بتائیں تو ان کا کاروبار نہیں چلتا، وہ لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دینا چاہتے ہیں۔ آپ رات کو بعد از نماز عشاء اوّل و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 21 مرتبہ سورہ فلق، 21 مرتبہ سورہ الناس پڑھ کر پانی پر دم کر کے دو حصوں میں تقسیم کریں۔ ایک حصہ گھر اور دکان کے اندر چاروں کونوں میں چھڑک دیں، اور دوسرا حصہ خود پی لیا کریں۔ اس عمل کو آپ 90 یوم تک کریں آپ اپنے کام کی نئے سرے سے منصوبہ بندی کریں اور ان حالات کا جائزہ لیں جن کی وجہ سے آپ کو قرض لینے کی نوبت آئی۔ بعد از نماز عصر اوّل و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 11مرتبہ سورہ کوثر پڑھ کر اپنے اوپر دم کر لیا کریں۔ آپ کو کسی بھی عامل کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ صرف اور صرف نماز پنجگانہ ادا کر کے اللہ تعالی سے دعا کریں۔

گھوڑے پر سواری

کامران علی خان۔پشاور

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کھیتوں میں ہوتا ہوں۔ میرا ایک مزارعہ ایک بہت ہی اچھا گھوڑا لاتا ہے اور مجھے کہتا ہے کہ یہ نیا گھوڑا خریدا ہے۔ میں اس گھوڑے پر سوار ہو جاتا ہوں اور اسے اپنے علاقے میں لے جاتا ہوں۔ مجھے سواری کرتے ہوئے بہت مزہ آتا ہے۔ پھر میں اپنے گھر کی طرف آتا ہوں۔ راستے میں لوگ میری طرف دیکھتے ہیں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ تعبیر بتا دیجئے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے آپ کے مال و دولت میں اضافہ فرمائیں گے، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ سیاست یا حکومت میں آپ کو بہت عزت اور کوئی منصب بھی مل سکتا ہے۔ آپ کی عزت اور توقیر میں بھی اضافہ ہو گا، اللہ تعالیٰ آپ کے وسائل میں اضافہ فرمائیں گے، آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کریں، وضو یا بغیر وضو کے۔

The post خوابوں کی تعبیر appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2NeROKi
via IFTTT

0 comments:

Post a Comment

Note: only a member of this blog may post a comment.