Thursday 1 November 2018

ہاکی ورلڈ کپ؛ قومی ٹیم کو بھارتی ویزوں کے اجرا کا گرین سگنل مل گیا

لاہور: اٹھائیس نومبر سے بھونیشور میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کو بھارتی ویزے جاری کرنے کا گرین سگنل دے دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں اسلام آباد میں موجود بھارتی ویزا حکام کو کلیئرنس لیٹر بھی موصول ہوگیا ہے۔ جونئیر ورلڈکپ میں بروقت  ویزوں کے لئے اپلائی نہ کرنے پر  قومی جونئیر کھلاڑی ایونٹ میں شرکت سے محروم رہے تھے۔ اس بار پاکستان ہاکی فیڈریشن حکام اور ٹیم انتظامیہ نے تمام ضروری سفری دستاویزات وقت سے بھی پہلے ایمبیسی بھیج دی تھیں۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن اور بھارتی ہاکی منتظمین نے بھی ویزوں کے اجرا کے لئے خصوصی دلچسپی لی ہے۔ جس پر بھارتی حکومتی حکام اور متعلقہ محکموں نے پاکستانی ٹیم کو ویزے ایشو ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق نئی پالیسی کے تحت صرف اٹھارہ رکنی ٹیم کے ساتھ چھ آفیشلز، صدر  اور سیکرٹری پی ایچ  ایف کو ہی ہمسایہ ملک کا ویزہ ملے گا۔

ہاکی فیڈریشن کے مہمانوں کو ویزے  نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یوں سیر سپاٹے کے شوقین پی ایچ ایف کے عہدیدار بھارت نہیں جا سکیں گے۔ صرف کسی خصوصی کیس کے طور پر ہی ایسا ممکن ہوسکے گا۔ ہاکی فیڈریشن کی طرف سے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی  کے آغاز سے چند دن پہلے ممکنہ  کھلاڑیوں کی ویزا درخواستیں جمع کروائی جاچکی ہیں۔ چند روز میں قومی کھلاڑیوں کے پاسپورٹس منگوا کر ویزے لگادئیے جائیں گے۔ پروگرام کے مطابق قومی ٹیم میچز شروع ہونے سے ایک ہفتہ پہلے بھارت جائے گی۔

The post ہاکی ورلڈ کپ؛ قومی ٹیم کو بھارتی ویزوں کے اجرا کا گرین سگنل مل گیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2Qb3r5U
via IFTTT

0 comments:

Post a Comment

Note: only a member of this blog may post a comment.