Saturday, 30 June 2018

زمین کی غیر قانونی فروخت کی تحقیقات پر کے ڈی اے افسران میں کھلبلی

 کراچی:  کراچی کے اربوں روپے مالیت کے پلاٹوں کی مبینہ طور پر قواعد وضوابط سے ہٹ کر فروخت کر نے والے کے ڈی اے افسران کیخلاف نیب کا شکنجہ سخت ہوتے ہی افسران میں زبردست کھلبلی مچ گئی بوگس نیلامی کے پلاٹس کے چالان اور ڈیٹا انٹری کرنے والے افسران سمیت دیگر نے اپنے عہدوں سے راہ فرار اختیار کرنا شروع کردی۔

سینئر ڈائریکٹر آئی ٹی محمد کمال نے چھٹی پر جانے کی درخواست دے ڈالی جبکہ حیران کن طور پر محکمہ آئی ٹی میں موجود اپنے سب سے قریبی ایڈ یشنل ڈائریکٹر ایس ایم سہیل کا محمد کمال نے خود ہی تبادلہ کرکے ادارے کے افسران کو حیران کردیا ہے ،ادارے کے ذمہ دار ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سابق ڈی جی ناصر عباس کے دور میں مبینہ طو ر بے قاعدگیوں کے ذریعے اربوں مالیت کے پلاٹوں میں محکمہ آئی ٹی کے افسران نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے محکمہ آئی ٹی سے جاری ہونے والے چالان اور انٹریوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں جس پر مذکورہ افسران میں زبردست کھلبلی مچی ہوئی ہے۔

گذشتہ روز کے ڈی اے میں غیر قانونی طور پر تعینات ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ محمد کامران کو نیب نے حراست میں لے لیا تھا جبکہ سابق ڈی جی ناصر عباس کو پلاٹوں کی بندر بانٹ میں سہولت فراہم کرنے والے دیگر افسران کیخلاف بھی نیب کا شکنجہ سخت ہوگیا ہے۔ محکمہ آئی ٹی میں تعینات سینئر ڈائریکٹر محمد کمال کے حوالے سے کے ڈی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات شروع ہوتے ہی انہوں نے چھٹیوں پر جانے کی درخواست کردی ہے اور اپنے سب سے قریبی ایڈیشنل ڈائریکٹر آئی ٹی ایس ایم سہیل جو کہ گریڈ18کے افسر ہیں ان کا بھی محکمے سے تبادلہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 18گریڈ کے افسر کے تبادلے کا اختیار ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے اور سیکریٹری کے پاس ہے لیکن محمد کمال نے اپنے دستخطوں سے ایس ایم سہیل کا تبادلہ کیا ہے جسے افسران غیر قانونی قرار دے رہے ہیں، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے دیگر اداروں سے کے ڈی اے میں آنے والے افسران کو واپس نہ بھیجے جانے پر بھی تحقیقات کی جارہی ہے۔

The post زمین کی غیر قانونی فروخت کی تحقیقات پر کے ڈی اے افسران میں کھلبلی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/2IDDBmv
via IFTTT

0 comments:

Post a Comment

Note: only a member of this blog may post a comment.